الیکشن کمیشن کا صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان

کوئٹہ(اڈیلی گرین گوادر) الیکشن کمیشن نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا،کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات 30 نومبر 2023 کو منعقد ہوں گے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جار ی کر دہ اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 140(A)(2) کے تحت اختیارات کا استعمال میں کر تے ہوئے متعلقہ حلقوں،وارڈز کے ووٹرز سے مطالبہ کیاہے کہ وہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں شہری یونین کونسلوں کی جنرل نشستوں پر اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں اور اس سلسلے میں انتخابات کی مختلف سرگرمیوں کی درج ذیل تاریخوں کا تعین کریں۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ 2 سے 4 نومبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے جبکہ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 6 نومبر کو جاری کی جائیگی اور 7 سے 9 نومبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ 11 نومبر کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہوگی،14 نومبر اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا،15 نومبر کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ 16 نومبر کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی،17 نومبر کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے اور پو لنگ 30نو مبر کو ہو گی جس کے بعد نتائج کا اعلان 3دسمبر کو ہوگا۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے باقی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات پہلے ہوچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے