اسرائیل کی فلسطین میں جاری جارحیت انسانیت سوز عمل ہے جسے فوری طور پر بند کیا جائے،سردار سربلندجوگیزئی و دیگر کا خطاب

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہداء، مظلوموں،محروم و محکموم طبقات کی نمائند ہ جماعت ہے، ملک میں آمریت کے خاتمے، جمہوریت کے لئے شہید جمہوریت کے محافظین نے سالار جمہوریت پر جانیں نچھاور کردیں،پیپلز پارٹی سانحہ کارساز شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، اسرائیل کی فلسطین میں جاری جارحیت انسانیت سوز عمل ہے جسے فوری طور پر بند کیا جائے،پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں کو اہمیت دیتی ہے،کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں،انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی،میرٹ اور نمبرز گیم کی بنیاد پر قومی سطح اور بلوچستان میں حکومت بنائیں گے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی، سابق صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ،صوبائی رہنماوں و سابق صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، نواب محمد خان شاہوانی، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر ثناء اللہ جتک، ڈپٹی اطلاعات سیکرٹریز قاسم اچکزئی، ملک زیشان حسین، رابطہ سیکرٹری ربانی خان، سینئر نائب صدر کوئٹہ ڈویژن جبار خان خلجی، ضلع کوئٹہ صدر میر نصیب اللہ شاہوانی، سٹی صدر نورالدین کاکڑ، خواتین ونگ کی صدر غزالہ گولہ،جنرل سیکرٹری زرینہ زہری، لیبر بیورو کے صدر شاہجہان گجر، سپورٹس اینڈ کلچر ونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ، یوتھ ونگ کے صدر عین الدین کاکڑ، پی ایس ایف کے صدر جہانگیر بلوچ، انجینئرنگ فورم کے جنرل سیکرٹری احسان خلجی، اقلیتی ونگ کے اکرم گل، اراکین صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی شیخ بلال مندوخیل، سردار عمران بنگلزئی، سید اکبر شاہ، صوبدار جتک، منور لانگو،سکینہ عبداللہ نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں 18اکتوبر سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے کہا کہ شہدا سانحہ کارساز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں،جیالوں کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ جمہوریت کے تزکرے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غیر جمہوری وحشیانہ سوچ جمہوری کارواں پر حملہ آور ہوئی وطن میں جمہور اور جمہوریت کی خاطر قائد عوام شہید جمہوریت اور شمع جمہوریت کے پروانوں نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔مقررین نے کہا کہ سانحہ کارساز کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے سانحے سے ڈرنے کی بجائے انتخابی مہم کا اعلان کیا تھا 16سال بعد ہم آج پھر اسی جگہ کھڑ ے ہو کر انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں، آج بھی ملکی مسائل کا واحد حل عام انتخابات ہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی ملک میں آئین و جمہوریت کی بالادستی کے لئے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی قیادت میں متحد ہے،شہدا کے خون سے کبھی غداری نہیں کریں گے، انتخابات میں ہر بربریت اور آمریت کا مقابلہ کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں جمہوریت کی بقاء کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی فلسطینیوں کی کھل کر حمایت کرتی ہے،امریکہ کھل کر اسرائیل کی حمایت میں سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم امہ متحد ہو قوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے اشیاء ضروریہ کا بندوبست کرے۔انہوں نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، حماس کی آڑ میں اسپتالوں پر اسرائیلی حملے ناقابل قبول ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے