بلوچستان عوامی پارٹی قائم و دائم ہے رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے کی باتیں افواہیں ہیں، سردار محمد صالح بھوتانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی قائم و دائم ہے رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے کی باتیں افواہیں ہیں،آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارٹی کی کمیٹی بنائی جارہی ہے، جلد ہی پارٹی میں قبائلی و سیاسی شخصیات کی شمولیت بھی ہوگی۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر بی اے پی کی سینئر قیادت کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس سردار محمد صالح بھوتانی کی زیر صدارت انکی رہائشگاہ پر منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی، بی اے پی کے جنرل سیکرٹری سینیٹر منظور خان کاکڑ، سینیٹر پر نس آغا عمر احمدزئی، اعجاز سنجرانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان کی سیاسی اور پارٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پارٹی کی فعالیت،آگے لیکر چلنے کے حوالے سے صلاح ومشورے کئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے خواہشمند امیدواروں سے درخوارستیں وصول کرنے کے لئے اشتہار جاری کیا جائے گا جبکہ اس کے بعد امیدواروں کی حتمی شکل دینے اور سکورٹنی کے لئے کمیٹی بنائی جائے گی جو امیدواروں کے حوالے سے فیصلے کریگی جبکہ پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے ایک اور نشست آج چیئر مین سینیٹ کی رہائشگاہ پر منعقد ہوگی۔ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بی اے پی کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی قائم و دائم رہنے کے لئے بنی ہے اور پارٹی آج بھی قائم ہے کچھ رہنماؤں کے پارٹی چھوڑ جانے کے حوالے سے جو باتیں زیر گردش ہیں ان میں حقیقت نہیں ہے البتہ جام کمال خان نے اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت سے رابطے میں ہیں اور انکے مذاکرات جاری ہیں تاہم انہوں نے بھی اب تک مسلم لیگ(ن) میں جانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ یا ارادہ ظاہر نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہوانی، مری، پنہور قوموں کے معتبرین نے ملاقاتیں کر کے بی اے پی میں شمولیت کرنے کے کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں اور ہمارا ساتھ دیں گے۔سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ کچھ لوگوں کی مجبوریاں تھیں وہ ہمارے ساتھ شامل نہیں ہوسکے مگر آنے والے دنوں میں پارٹی میں شمولیتیں ہونگی میں ان سب لوگوں کا شکر گزار ہوں جو بی اے پی کے ساتھ کھڑے ہیں پارٹی ان کے ساتھ ہے اور ہر ممکن تعاون کریگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے