سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو پہنچے گا،جلیل عباس جیلانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ سی پیک عالمی نوعیت کا وہ واحد منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے خطے میں تعمیر وترقی اورخوشحالی کا سبز انقلاب آجائے گا سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو پہنچے گا پاک چین دوستی کی دنیا میں مثالیں دی جاتی ہیں دونوں ممالک عالمی سطح پر قیام امن کے لئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی سے گفتگو میں کیا،میر چنگیز خان جمالی نے نگران کابینہ میں وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے لئے آپ کی سفارتی سطح پر خدمات قابل ستائش ہیں جس سے دنیا میں سفارتی سطح پر پاکستان کا امیج نہ صرف بلند ہوگا بلکہ اس کے مثبت سفارتی نتائج بھی برآمد ہوں گے۔ انہوں نے نیک خواہشات کے ساتھ اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورہ چین سے نہ صرف پاک چین دوستی مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی بلکہ سی پیک کے حوالے سے بلوچستان میں مزید میگا منصوبوں کی منظوری کی راہ ہموار ہوگی وزیر خارجہ نے چنگیز خان جمالی کو یقین دلایا کہ وہ اپنے دورہ چین کے موقع پر بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے سی پیک منصوبوں میں صوبے کی اہمیت کو فوقیت دیں گے اور مزید منصوبوں کے لئے چینی حکومت کو بلوچستان کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے صوبے کے لئے مزید میگا منصوبوں کی منظوری حاصل کریں گے۔