پیٹرول کی قیمت میں 40روپے فی لیٹر کمی کا فائدہ برائے راست عوام کو پہنچنا چاہیے،جان اچکزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر کمی کا فائدہ برائے راست عوام کو پہنچنا چاہیے۔ تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ سے منسلک افراد کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے موثر حل کے لیے کوشاں ہیں، انتظامہ صوبے بھر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے، پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں اور نرخ نامے کی جانچ پڑتال کر کے سرکاری ریٹ کے مطابق اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد بے جا مہنگائی کرنے میں یا عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے انکاری ہوں انہیں سزا دی جائے۔نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھارہی ہے۔ وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے عوام کو ہر صورت ریلیف فراہم کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت مل کر عوامی مفادات کے حامل اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے فورا بعد اشیا کی قیمتیں بڑھنا شروع ہو جاتیں ہیں لیکن جب پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی آتی ہے تو قیمتوں کو کم نہیں کیا جاتا۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب اس طرح نہیں ہو گا۔ انتظامہ صوبے کے تمام اضلاع میں صورتحال کا فوری جائزہ لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات اٹھائے۔ کرایوں میں کمی نہ کرنے والوں اور اشیا کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے والوں کو فوری سزا دی جائے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے