جامعہ میں تدریسی عمل اور انتظامی امور میں خلل ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی، بیو ٹمزانتظامیہ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ جامعہ میں تدریسی عمل اور انتظامی امور میں خلل ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی بیوٹمز محدود وسائل کے باوجود بہترین تعلیم اور ملازمین کے مسائل حل کر رہی ہے تدریسی عمل اور امتحانات کو ملتوی کرنا مسائل کا حل نہیں ہے بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔ یہاں جاری کردہ ایک بیان میں بیوٹمز انتظامیہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز چند افراد نے امتحانی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی جس کے دوران فیکلٹی ڈینز کے ساتھ نامناسب رویہ بھی اختیار کیا گیا جو کہ کسی بھی ملازم کو زیب نہیں دیتا۔انتظامیہ نے کہا کہ اجتجاج ایک جمہوری حق ہے مگر اس کی آڑ میں بیوٹمز کے تعلیمی ماحول کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا اور طلباء کے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے بچایا جائے گا اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیر سے جامعہ میں امتحانات اور تدریسی عمل باقاعدہ طور پر جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے ملازمین کے تمام مسائل کو نہ صرف سنا ہے بلکہ ان کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں بھی کی ہیں جو لوگ احتجاج کر رہے ہیں انہیں بھی معلوم ہے انتظامیہ نے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے مگر جامعہ کے تدریسی عمل کو روکنا اور گیٹ بند کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے یہ عمل علم بانٹنے نہیں بلکہ نوجوانوں کو اس زیور سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ نوجوان اپنے خاندانوں کے لئے مستقبل میں رزق کمانے کا ذریعہ بنیں گے تعلیمی سرگرمیاں بند کرنا طلباء اور انکے خاندانوں کے ساتھ بھی زیادتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے