پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے نیب اور اینٹی کرپشن کرپشن میں ملوث عناصر کا بلاامتیاز احتساب یقینی بنائیں،لالہ یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے نیب اور اینٹی کرپشن کرپشن میں ملوث عناصر کا بلاامتیاز احتساب یقینی بنائیں اور عوام کی لوٹی گئی رقم واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بیش بہاقدرتی وسائل اور معدنیات سے نوازاز ہے لیکن کرپشن اور خوردبرد نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرکے رکھ دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل تک جن کے پاس کچھ نہیں تھا آج کرپشن اور بدعنوانی کی وجہ سے اربوں روپے کے مالک بن بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کا خاتمہ ہے کرپشن ختم کئے بغیر ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے اربوں روپے کرپشن اور خوردبرد کی نظر ہوجاتے ہیں جبکہ عوام ترقیاتی کاموں کے ثمرات سے مستفید نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج کردیا ہے جبکہ کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے والے عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اسوقت تک ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیب،اینٹی کرپشن اوردیگر ادارے سیاستدانوں،بیورو کریٹس اوردیگر کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کا بلا امتیاز احتساب یقینی بنائیں اوران سے لوٹی گئی رقم واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خاص کر سرکاری دفاتر میں کوئی بھی کام بغیر رشوت دیئے نہیں ہوتا اور عوام دفتروں کے دھکے کھاتے پھرتے ہیں بلوچستان امن جرگے کا مطالبہ ہے کہ کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔