پاکستان رواں مالی سال 25 لاکھ ٹن گندم درآمد کریگا، وزارت خزانہ

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان رواں مالی سال 25 لاکھ ٹن گندم درآمد کرے گا، حکومتی سطح پر 15 لاکھ ٹن جبکہ نجی شعبہ 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کی جائے گی حکومتی سطح پر گندم درآمد سے 50 کروڑ ڈالر اخراجات کا اندازہ لگایا گیا ہے،نجی شعبے نے ساڑھے 6 لاکھ ٹن گندم درآمد کیلئے ایل سی کھول لی ہے۔

نگران صوبائی حکومتوں کی نااہلی کے باعث اس سال گندم خریداری کا سرکاری ہدف حاصل نہ ہو سکا، گندم خریداری کا ہدف 78 لاکھ ٹن تھا تاہم خریداری ساڑھے 58 لاکھ ٹن کی ہو سکی پاسکو نے 18 لاکھ ٹن کے ہدف کے مقابلے میں 13 لاکھ ٹن گندم خریدی،پاسکو کا ہدف حاصل نہ کرنے کے باعث اسٹرٹیجک ذخائر کیلئے گندم خریداری کرنا پڑ رہی ہے ،حکومتی سطح پر گندم روس سے خریدی جائے گی ۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے کپاس کے بعد چاول کی فصل میں بھی اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے بعد پنجاب رواں سال 2 ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کرے گا پاکستان میں رواں سال مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کا چاول برآمد کیا جائے گا، پنجاب سے گذشتہ سال صرف ایک ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کیا گیا تھا، رواں برس چاول کی ایکسپورٹ میں گذشتہ برس کے مقابلے میں 100 فیصد اضافہ ہوگا۔

نگران وزیراعلیٰ نے سیکرٹری زراعت اور ان کی ٹیم کو کاٹن کے بعد چاول میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر شاباش دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ نے زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دے دی محسن نقو ی کا کہنا تھا کہ اگلے دو سال میں پاکستان سے چاول کی برآمدات 5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں، پنجاب میں رواں سال ماضی کی نسبت 125 فیصد کپاس کی گانٹھیں زیادہ حاصل ہوں گی ۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کپاس کے نرخ کے استحکام اور اضافے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی، صوبائی وزیر صنعت وزراعت ایس ایم تنویر اور سیکرٹری زراعت اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے کپاس کی فوری خریداری شروع کرنے کی درخواست کی جائے گی، پنجاب میں گندم کی پیداوار کا ابتدائی ہدف 40 ملین ٹن مقرر کر دیا گیا۔

زیادہ پیداوار کے لئے کوالٹی سیڈ اور 15 نومبر تک گندم کی بوائی کی سفارشات صوبہ میں تیل دار اجناس کی پیداوار کا ہدف 19 لاکھ ایکڑ اراضی مقرر کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے