پاکستانی عوام اس مشکل کی گھڑی میں اپنے فلسطین بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم نے بے گناہ اورمعصوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں سینکڑوں افراد کی شہادت اور زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی عوام اس مشکل کی گھڑی میں اپنے فلسطین بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان نے ہمیشہ فلسطین موقف کی حمایت کی ہے اب اسرائیل کیاس ظلم و جبر اور وحشیانہ جارحیت کے خلاف آواز حق بلند کرنے کا وقت آگیا ہے انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری طور پر اسرائیلی جارحیت کو روکیں،اقوام متحدہ اور او آئی سی فلسطین کا فوراًپرامن حل نکالیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کے دل ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں،فلسطین کی غیور عوام اور امت مسلمہ کبھی بھی ناجائز اسرائیلی صیہونی ریاست کو قبول نہیں کرے گی،فلسطینی مسلمانوں نے ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرکے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل جیت لئے ہیں۔ یچوہدری نعیم کریم نے کہا کہ مظلوم فلسطینی اسرائیلی مظالم کے ردعمل میں اسرائیلی افواج کو جواب دینے پر مجبور ہوئے ہیں،جب دہائیوں سے مظلوم کو کچلنے کا بلا تعطل سلسلہ جاری رہے گا تو ردعمل فطری بات ہے، عالمی دنیا اور اقوا م متحدہ اسرائیل،فلسطین تنازعہ کو بامقصد مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بد ترین جبر اور تشدد کا سامنا کر رہے ہیں، طاقت کے بل بوتے پر فلسطینیوں کے کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں لیکن عالمی طاقتیں اپنی آنکھیں اور کان بند کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملی غیرت کا تقاضہ ہے کہ عالم اسلام فلسطینیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے جس طرح امریکہ اسرائیل کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے اسلامی دنیا کے طاقتور ممالک خصوصاً پاکستان اس سلسلہ میں خصوصی طو رپر اپنی آواز بلند کریں اور اپنے فلسطینی بھائیوں کو اس مشکل گھڑی میں اخلاقی، سماجی اور معاشی مدد فراہم کریں اوراسرائیلی جارحیت کو رکوانے کے لئے اپنا کلیدی کردار بھی ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے آزاد ریاست کے طور پر حق کو تسلیم کیا جائے اور اسرائیلی فوجی اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے