نگران حکومت جس مقصد کیلئے آئی اسی پر توجہ دے، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی سرپرست اعلیٰ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق جوائنٹ سیکرٹری سینئر نایب امیر مولانا خور شید احمد ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ ضلعی معاون سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی جمعیت طلبہ اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی کنوینر محمد اسحاق خان اچکزئی حافظ محمد معصوم حافظ محمود اللہ مولانا مفتی دین محمد اور دیگر نے جمعیت علماء اسلام جمعیت طلبہ اسلام کلی چلتن رئیسانی ہزار گنجی مشترکہ جنرل کونسل کے اجلاس اور ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت جس مقصد کیلئے آئی اسی پر توجہ دے، مہاجرین کے نام پر صرف افغانوں کے خلاف انتقامی کارروائی خطے میں نئی آگ لگانے کی سازش کے سوا اور کچھ نہیں، اعلان سنتے ہی لینڈ مافیا اور پراپرٹی مافیا نے افغان مہاجرین کو دھمکیاں دینا شروع کی ہے تاکہ اونے پونے داموں جائیدادوں پر قبضہ کیا جاسکے۔ جمعیت علماء اسلام کوئٹہ کی مؤثر ترین عوامی جماعت ہے، اس کی مشاورت اور اجازت کے بغیر کوئی عمل قابل قبول نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افغانوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی اجازت نہیں دے سکتے، مہاجر کارڈ کے حامل افراد کو ہراساں کرنا، گھروں اور مدرسوں پر چھاپے مارنے کی شدید الفاظ میں نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ اس پر سخت احتجاج کیا جائے گا، انخلاء کے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کرکے معاشی طور پر تباہ حال پاکستان کیا چاہتا ہے؟ چالیس سال سے یہاں رہنے والے افغان بھائیوں کے متعلق راتوں رات سخت گیر فیصلے ہماری شان اور بلوچ وپشتون روایات کے خلاف ہیں۔ جمعیت علماء اسلام کا موقف ہے کہ افغانوں کی باعزت واپسی کے لیے وقت اور میکنزم تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف افغانستان ہی نہیں دیگر ممالک کے مہاجرین بھی موجود ہیں، سب کیلئے یکساں اور مقررہ وقت پر محیط پالیسی بنائی جائے۔ اس قسم کے عجلتی اور ہنگامی فیصلوں سے نفرتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہرمظلوم کے حق کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی اختمامی اختمامی دعا مولانا محمد یونس نے کی اور آخر میں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی معاون سیکرٹری اطلاعات نجم المدارس یونٹ کلی چلتن رئیسانی ہزار گنجی کے امیر مولانا محمد طاہر توحیدی کے جانب سے تمام شرکاء کے اعزاز میں عصرانہ دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے