غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھیں گے،آرمی چیف

روالپنڈی(ڈیلی گرین گوادر)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ غیرقانونی کارروائیوں کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آج کراچی کا دورہ کیا اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کے ہمراہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف کو نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان، سندھ کے کچے کے علاقے میں جاری آپریشن سمیت نجی منصوبوں پر کام کرنے والےغیر ملکی شہریوں کی حفاظت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی، غیر ملکی کرنسی کو ریگولرائز کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کراچی ٹرانسفارمیشن پلان ، سندھ میں ایس آئی ایف سی کے اقدامات اور گرین سندھ کے اقدامات پر پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر سرکاری محکمے غیر قانونی سرگرمیوں کے اسپیکٹرم کے خلاف کارروائیوں کو پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھیں گے، معیشت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔

جنرل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ غیرقانونی کارروائیوں کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے تاریخی اقدامات کے فائدہ مند اثرات کے لیے محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا۔اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کور کمانڈر کراچی ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے