مارگٹ میں کوئلہ مائنز بند ہونے کے باعث لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں، نصرت حسین عنقا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان مائن اونرز ایمرجنسی کمیٹی کے چیئرمین میر نصرت حسین عنقانے کہا ہے کہ مارگٹ کے علاقے میں کوئلہ مائنز بند ہونے کے باعث لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں اور مائنز اونرز کام بند ہونے سے مالی مشکلات کا شکار ہیں،آرمی چیف اورچیف جسٹس آف پاکستان مائنز اونرز کو تحفظ اور مائنز کھولنے کے احکامات جاری کریں تاکہ لوگوں کو دوبارہ سے روزگار مل سکے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان مائنز اونرز ایمرجنسی کمیٹی کے رہنماوں ملک غلام حیدر، محمد اقبال یوسفزئی، احمد جان و دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔میر نصرت حسین عنقا نے کہا کہ مارگٹ کول مائنز گزشتہ ایک سال سے بند ہے جس سے مائنز کے شعبہ سے وابستہ لاکھوں لوگ بے روزگار اور نان شبینہ کے محتاج ہوہوچکے ہیں مائنز اونرز نے مائننگ کیلئے بنکوں سے قرض لے رکھا ہے کام بند ہونے مائنز اونرز مالی مشکلات کاشکار ہیں اور بینک اپنے قرض واپس مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مائنز میں مائنز اونرز نے کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کررکھی ہے مائنز بند ہونے سے مائنز اونرز کو نقصانات اٹھانے پڑ رہے ہیں ٹھیکیدار اور ملازمین بے روزگار ہوچکے ہیں تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے لاکھوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اورگھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مارگٹ میں مائننگ کے شعبے سے ایک لاکھ سے زائد مزدور وں کا روزگار وابستہ ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےْ بند مائنز کھولنے کی اجازت دے تاکہ لاکھوں لوگوں کو دوبارہ روزگار مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مائنز بند ہونے سے مائنز اونرز کی کروڑوں روپے مالیت کی مشینری خراب ہورہی ہے لیکن ہمیں مائنز پر جانے نہیں دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مائنز اونرز حکومت کوسالانہ اربوں روپے کا ٹیکس دیتے تھے مائنز بند ہونے سے حکومت کو اربوں روپے کا ٹیکس بھی ملنا بند ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مائنز اونرز دہشت گردوں سے نہیں لڑسکتے دہشت گردوں سے لڑنا ریاست اورسیکورٹی فورسز کا کام ہے حکومت اور سیکورٹی ادارے مائنز اونرز اور مزدوروں کو تحفظ فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم انوارالحق کاکڑ،آرمی چیف سید عاصم منیر،چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز رعیسیٰ سے اپیل کرتے ہیں کہ مائنزاونرز کو تحفظ فراہم کرنے اور بند مائنز کو دوبارہ کھولنے کے احکامات جاری کریں۔ایک سوال کے جواب میں میر نصرت حسین عنقا نے کہا کہ مارگٹ میں مائنز گزشتہ ایک سال 11ماہ سے بند ہیں جس سے مائنز اونرز اور لاکھوں کی تعداد میں مائننگ کے کام سے وابستہ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں جس سے ملک میں بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمیں مائنز کھولنے کی اجازت نہیں دی تو ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبورہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے