بلوچستان گرینڈ الائنس نے ڈی آر اے اوردیگر جائز حقوق کے حصول کیلئے 15دسمبر سے پورے صوبے میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کااعلان کردیا،پروفیسرعبدالقدوس

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان گرینڈ الائنس کے مرکزی آرگنائزر پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ،جنرل سیکرٹری حاجی علی اصغر بنگلزئی نے ڈی آر اے اوردیگر جائز حقوق کے حصول کیلئے 15دسمبر سے پورے صوبے میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان مشترکہ کمیٹی کی سفارشات کی فوری منظوری دیں بصورت دیگر احتجاج کو مرحلہ وار سخت کیاجائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو دیگر عہدیداروں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان گرینڈ الائنس نے رواں سال بجٹ پیش ہونے سے قبل صوبائی وزراء، حکومتی اراکین اورمتعلقہ حکام سے ملکر انکے سامنے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈرکھا جسے خاطرمیں نہیں لایا گیا اور بجٹ سیشن کے موقع پرنہ صرف ہمارے منظم اور پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی بلکہ ہمارے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہمارے رہنماوں کو گرفتارکیا گیا اور پرامن ملازمین پر لاٹھی چارج اورآنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ایساظلم تو بدترین مارشل لاء کے دور میں بھی نہیں ہوا مگر روٹی،کپڑا اور مکان کی دعویدار جماعت کے دور حکمرانی میں ہم پر یہ ظلم ہوا جسے ہم نہیں بھولے۔انہوں نے کہا کہ سخت احتجاج اور ملازمین کے اتحاد کودیکھتے ہوئے حکومت نے وزراء اور سیکرٹریز پر مشتمل کمیٹی قائم کی مذاکرات کے دوران سفارشات پرمکمل اتفاق ہوا منٹس آف دی میٹنگز تیار ہوئے اور مشترکہ سفارشات پردستخط ہوئے وزیراعلیٰ میرسرفرازبگٹی کو بریفنگ دی گئی اور ہمیں واضح یقین دہانی کرائی گئی کہ سفارشات کابینہ کے اجلاس میں منظورہونگی لیکن چھ ماہ گزرنے کے باوجود تاحال یہ سفارشات منظور نہیں ہوئی ہیں جس سے 2لاکھ 32ہزار ملازمین میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کی مجلس عاملہ، ایکشن کمیٹی،آرگنائزنگ باڈی اور ممبران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ 12دسمبر کو تمام اضلاع میں بلوچستان گرینڈ الائنس کے ضلعی ایکشن کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوگا 13دسمبر کو بلوچستان کے تمام اضلاع میں ضلعی ایکشن کمیٹی کے عہدیداران پریس کانفرنسز کریں گے15اور16دسمبر کو تمام سرکاری دفاتر پر سیاہ جھنڈے اور بینرز آویزاں کئے جائیں گے اور ملامزینبازوں پر سیاہ پٹیاں باند ھ کر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے 17دسمبر کو قلات ڈویژن اور سبی ڈویژن کے اضلاع میں احتجاجی ریلیاں اور پریس کلبز کے باہر مظاہرے کئے جائیں گے18دسمبر کو ژوب ڈویژن اور رخشان ڈویژن کے اضلاع میں ریلیاں و مظاہرے کئے جائیں گے 19دسمبر کو مکران اور نصیرآباد ڈویژن کے اضلاع میں ریلیاں و مظاہرے کئے جائیں گے 20دسمبر کو لورالائی ڈویژن کے اضلاع اور کوئٹہ ڈویژن کے پشین،قلعہ عبداللہ اورچمن کے اضلاع میں ریلیاں اوراحتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے 23دسمبر کو کوئٹہ شہر میں گرینڈ الائنس کی صوبائی ریلی اوراحتجاجی مظاہرہ ہوگا24اور 26دسمبر کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے صوبہ بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی 30اور31دسمبر کو صوبے بھر میں مکمل صوبائی لاک ڈاؤن کیا جائے گا اور یکم جنوری 2026ء کو بلوچستان گرینڈ الائنس کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد کرکے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے