ایوانِ صنعت و تجارت بلوچستان کی ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت، حکومت سے آرڈیننس 2025 پر خدشات دور کرنے کا مطالبہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایوانِ صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے آرڈیننس 2025 کے خلاف جاری ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کے خدشات و تحفظات فوری طور پر دور کیے جائیں۔یہ بات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداروں نے بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں مرکزی صدر حاجی نور محمد شاہوانی، سیکرٹری جعفر خان کاکڑ، نائب صدر حاجی ظاہر شاہ یوسفزئی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی محمد گل کاکڑ، سعید الرحمن، نور احمد شاہوانی، ملک نور خان کرد اور حاجی عبدالسلام ملاخیل شامل تھے۔ایوانِ صنعت و تجارت نے کہا کہ حکومت نے آرڈیننس 2025 ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لیے بغیر نافذ کیا، جس پر انہیں شدید تحفظات ہیں۔ چیمبر نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو یقین دلایا کہ چیمبر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔عہدیداروں نے خبردار کیا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لہذا حکومت فوری اقدامات کرے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس بلوچستان ٹرانسپورٹرز اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے