محمد اورنگزیب سے برطانوی وزیر کی ملاقات، شعبہ توانائی، پنشن اصلاحات کا جائزہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے برطانوی وزیر برائے ڈیولپمنٹ بیرونس چیمپن نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں آئی ایم ایف پروگرام ریویوز کی کامیاب تکمیل پر برطانیہ کی حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے معاشی استحکام کی کوششوں اور ساختی اصلاحات پر وفد کو بریفنگ دی۔سرکاری پاکستان ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں توانائی شعبے میں بہتری، قرض انتظام اور پنشن اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، فریقین نے صحت، تعلیم، آبادی اور موسمیاتی لچک میں سرمایہ کاری کے لیے وفاقی و صوبائی ہم آہنگی پر زور دیا۔ملاقات میں خواتین کی معاشی شمولیت اور آبادی سے متعلق پالیسی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وفد نے برطانیہ کی جانب سے ڈیجیٹلائزیشن، گورننس اصلاحات اور بزنس میں آسانی کے لیے معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
