مائنگ سیکٹر کو وفاقی سطح پر انڈسٹری کا درجہ دیکر ہی مائنز مالکان کے تمام دیرینہ مسئلے فوری طور پر حل ہو جائیں گے، شیخ جعفر خان مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے بلوچستان پورے خطے میں اپنے جغرافیائی محل وقوع اور قیمتی معدنیات کے اعتبار سے بہت اہمیت کا حامل صوبہ ہے. یہ بات یقینی ہے کہ مائنگ سیکٹر کو وفاقی سطح پر انڈسٹری کا درجہ دیکر ہی مائنز مالکان کے تمام دیرینہ مسئلے فوری طور پر حل ہو جائیں گے. اس سلسلے میں بلوچستان کے مائنز مالکان کو تمام ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ صوبے سے شدید غربت اور بیروزگار کا خاتمہ ممکن ہو سکے. انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام انٹرنیشنل اور نیشنل سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے. ہم دستیاب معدنیات و وسائل کو بروئے کار لار کو ملک اور صوبے کو معاشی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں سوڈان میں تعینات پاکستانی سفیر بہروز ریکی اور سید فتح شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. ملاقات میں صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات، مائنز مالکان کے جان ومال کا تحفظ، حکومت کی جانب سے ضروری سہولیات کی فراہمی اور مائنز مالکان کو قرضوں کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبے بھر کے تاجروں، صنعتکاروں اور مائنز مالکان کیلئے تجارت کے نئے مواقع پیدا کرنا اور ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جس کے نتیجے صوبہ میں مجموعی طور پر زندگی کا معیار بلند ہوگا اور لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر ہونگے. گورنر مندوخیل نے کہا کہ میں ہر فورم پر اپنے تاجروں، صنعتکاروں اور مائنر مالکان کیلئے بھرپور آواز اٹھاتا ہوں. میری مسلسل خواہش اور کوشش یہی رہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے راہ ہموار کروں. میر بہروز ریکی نے مائنر مالکان کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کرنے اور تاجروں کیلئے گورنر ہاوس کے دروازے کھلے رکھنے پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کا شکریہ ادا کیا۔
