قلعہ سیف اللہ اور ژوب کی سرزمین ہماری تاریخ، خدمت اور بے مثال قربانیوں سے عبارت ہے، جمعیت علماء اسلام بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی صوبائی قیادت نے کہا ہے کہ قلعہ سیف اللہ اور ژوب کی سرزمین ہماری تاریخ، خدمت اور بے مثال قربانیوں سے عبارت ہے۔ یہاں کے دشت و پہاڑ آج بھی مولانا شمس الدین شہید کی جاں نثاری کے گواہ ہیں اور یہی خطہ محسنِ بلوچستان مولانا عبدالواسع کی بے لوث خدمات کی تابناک یادوں سے روشن ہے۔ انتخابی میدان ہو یا عملی جدوجہد کا محاذ اس خطے میں جے یو آئی کا کوئی ثانی نہیں۔صوبائی قیادت نے کہا کہ جن افراد کو انتخابات میں حصہ لینے کا شوق ہے، وہ اپنا حق ضرور استعمال کریں، مگر یاد رکھیں کہ سیاست جھوٹی تسلیوں، مصنوعی سہاروں اور خوشنما نعروں کے سہارے نہیں چلتی۔ باشعور عوام ایسے حربوں سے بخوبی واقف ہیں اور جو تھوڑی بہت عوامی تائید باقی ہے، وہ بھی ان کے ہاتھ نہیں آئے گی۔مزید کہا گیا کہ جو لوگ پشین میں چند سو کرسیاں تک نہ بھر سکے، وہ آج پشین اور قلعہ سیف اللہ جیسے جے یو آئی کے مضبوط قلعوں پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔ یہ وہی خطہ ہے جہاں مولانا سمیع الدین نے شاندار کامیابی حاصل کی، اور پھر قلعہ سیف اللہ کے عوام نے اپنی تاریخی شرکت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالفین کو واضح شکست سے دوچار کیا۔صوبائی رہنماؤں نے واضح کیا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر جے یو آئی کے عوامی مینڈیٹ کو نقصان پہنچانے والے آج قومی اسمبلی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ یونین کونسل کی سطح کی چھوٹی جماعتیں بھی جب جے یو آئی کے سامنے کھڑی ہوتی ہیں تو وہ ہمارے لیے کسی چیلنج کی حیثیت نہیں رکھتیں اور میدان میں ان کی شکست پہلے سے لکھی ہوتی ہے۔ضلع کوئٹہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا گیا کہ جے یو آئی صوبے کی واحد اکثریتی عوامی قوت ہے۔ کوئٹہ کے عوام نے انتخابات سے قبل ہی جے یو آئی کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کردیا ہے اور ان شائاللہ اس مرتبہ تاریخی کامیابی حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کوئٹہ اہلِ بلوچستان کا مشترکہ گھر ہے مگر گزشتہ کئی برسوں سے اسے کھنڈرات کی تصویر بنا دیا گیا۔ یہاں ایسے غیر منتخب شدہ اور غیر مقامی نمائندے مسلط کیے گئے جنہیں عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔جے یو آئی کی صوبائی قیادت نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد منتخب لوکل نمائندے عوام کی خدمت کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہوں گے۔ جے یو آئی ہی کی کوششوں سے پہلے محدود میٹروپولیٹن کارپوریشن کو وسعت دے کر پورے ضلع کو میٹرو پولیٹن کا درجہ دیا گیا، اور اب اس نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ جے یو آئی اس صوبے کی سب سے بڑی عوامی قوت بھی ہے اور وہ واحد جماعت بھی جس نے ہر دور میں خدمت، جدوجہد اور نظریے کی حفاظت کا علم بلند رکھا۔
ٌٌٌٌٌٌٌٌٌ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے