خالص نیت، مسلسل محنت اور اجتماعی دعاؤں کا نتیجہ انتہائی منظم، باوقار اور کامیاب اجتماعِ عام کی صورت میں ظاہر ہوا`عطیہ نثار
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) حلقۂ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے شعبۂ آئی ٹی اور نشرواشاعت کے ذمہ داران کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اجتماعِ عام2025 کی غیر معمولی کامیابی میں خدمات سرانجام دینے والی میڈیا سیل کی ٹیم کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ اس موقع پر تنظیمی ذمہ داران نے کارکنان کی محنت، خلوص، بہترین ٹیم ورک اور چیلنجز کے مقابلے میں ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیاڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین، عطیہ نثار نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعِ عام کے موقع پر خالص نیت، مسلسل محنت اور اجتماعی دعاؤں کا نتیجہ ایک انتہائی منظم، باوقار اور کامیاب اجتماعِ عام کی صورت میں ظاہر ہوا۔ اعلاءِ کلمۃ اللہ کے لیے سجی ہوئی یہ بستی ملک بھر سے آنے والی خواتین کے جذبے اور عزم کی روشن دلیل تھی۔ لوگ اللہ کی رضا کے لیے گھروں سے نکلے اور ظالمانہ نظام کو بدلنے کے عزم کے ساتھ گھروں کو واپس لوٹے۔انہوں نے مذید کہا کہ یہ محفل صرف اعزاز کی نہیں بلکہ “عزمِ نو کی تجدید” کا موقع بھی ہے۔نگران میڈیا سیل کمیٹی ہاجرہ عرفان نے کہا کہ یہ تعاون اور محنت اجتماع تک محدود نہیں تھی، بلکہ نظامِ عدل کے قیام تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی—یہ راستہ ایک دن نہیں، ایک مسلسل کوشش کا تقاضا کرتا ہے۔”
انہوں نے اجتماع میں پیدا ہونے والے تعلیمی و تربیتی ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے مل کر سیکھا بھی اور سکھایا بھی—اور یہی اجتماع کے اصل ثمرات ہیں۔محفل میں بتایا گیا کہ اجتماع سے قبل کی تیاریوں میں بلاگز، کالمز، ڈیجیٹل کانٹینٹ، چینلز سے مضبوط رابطہ کاری اور مسلسل کوریج جیسے اہم کام شامل رہے، جن کے نتیجے میں بڑی تعداد میں بلاگز اور کالمز شائع کیے گئے۔اجتماع کے دوران جیمرز کے باعث سگنل مسائل کے باوجود ٹیم نے روزانہ اجتماع گاہ سے باہر جا کر خبریں ارسال کیں اور میڈیا چینلز سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا۔ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل، سعدیہ حمنہ نے ذمہ داران کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "یہ لمحہ اظہارِ تشکر کا ہے—تمام ذمہ داران نے بہترین ٹیم ورک اور غیر معمولی محنت سے ہر کام احسن طریقے سے انجام دیا۔مرکزی نگران شعبہ آئی ٹی، اسماء رشید نے اس بات پر زور دیا کہ اجتماعِ عام میں ہر ایک کا جہاد الگ تھا۔ تمام پلاننگ اور تربیت کے باوجود اجتماع کے دوران متعدد ہنگامی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، مگر کارکنان نے ہر موقع پر ثابت قدمی، ذمہ داری اور تیزی سے فیصلے کرنے کی صلاحیت کا شاندار مظاہرہ کیا۔مرکزی نگران نشرواشاعت، فریحہ اشرف نے کہا کہ "غیر متوقع حالات کے باوجود شعبہ نشرواشاعت نے بہترین کارکردگی دکھائی—اجتماع سے پہلے کے کام نے جو ماحول تیار کیا وہ اجتماع کے دوران نہایت مفید ثابت ہوا۔اجتماع عام کے حوالے سے بلاگز، کالمز، ڈیجیٹل کانٹینٹ، چینلز سے رابطہ اور مسلسل کوریج جاری رہی۔سگنل ایشوز کے باوجود ٹیم مستعد رہی۔
نگران نشرواشاعت کراچی، ثمرین احمد نے بھی اجتماعِ عام کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کیے اور ٹیم کی محنت، ایثار اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو سراہا۔بعدازاں تعریفی سرٹیفیکٹ تقسیم کئے گئے اور لذت کام و دہن کا اہتمام بھی کیا گیا
