کوئٹہ سے 2 سوناروں کو حراست میں لیے جانے کے خلاف سونار برادری سراپا احتجاج، دکانیں بند کردیں، لیاقت بازارمیں احتجاجی مظاہرہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سے دو سونار وں کو حراست میں لیے جانے کے خلاف سونار برادری سراپا احتجاج، دکانیں بند کردیں،لیاقت بازارمیں احتجاجی مظاہرہ۔ صرافہ ایسوسی ایشن بلوچستان (رجسٹرڈ)کے صدر محمد حسین نے بتایا کہ گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے لیاقت بازا رمیں واقعہ رحمان سینٹر سے دو سوناروں کو سیکورٹی فورسز نے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے جس کے بعد صرافہ برداری میں شدید اضطراب اور خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرافہ برداری نے جمعرات کو احتجاج کیا اور دکانیں بھی بند کردی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ بھی دو افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن کے بارے میں تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں صرافہ برداری کا ہمیشہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور اعتماد رہا ہے لیکن اس طرح کی کاروائیاں سے بعض شرپسند عناصر بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس کی وجہ سے صرافہ برداری خوف و ہراس کا شکار ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی جیولر نے کوئی غیر قانونی سرگرمی کی ہے تو ہم خود اس کے خلاف کاروائی میں تعاون کریں گے صرافہ برداری کو اعتماد میں لیا جائے۔
