لیویز فورس کے پولیس میں انضمام سے انکار کرنے والے اہلکاروں کو گولڈن ہینڈ شیک دیا جائیگا،میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ لیویز فورس کے ملازمین میں سے اگر کوئی اہلکار پولیس میں شامل نہیں ہونا چاہتا تو اسے گولڈن ہینڈ شیک دے کر نوکری سے فارغ کرنے کا آپشن زیر غور لایا جا رہا ہے تاکہ ان کی جگہ نئے نوجوانوں کو بھرتی کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بات سینٹرل پولیس آفس میں یادگارِ شہدا پر حاضری اور تعزیت کے موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور لیویز و پولیس کے انضمام کا مقصد صوبے میں ایک متحد اور موثر سیکیورٹی نظام تشکیل دینا ہے۔
