پاکستان نے اپنا پہلا ہائپراسپیکٹرل سیٹلائٹ ایچ ایس-1 کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان نے اپنا پہلا ہائپراسپیکٹرل سیٹلائٹ ایچ ایس-1 (1HS-) کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کردیا ہے، جو اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (اسپارکو) کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔اسپارکو نے اس تاریخی لانچ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ جدید سیٹلائٹ درجنوں مختلف لائٹ بینڈز میں انتہائی تفصیلی تصاویر حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سے پاکستان میں ماحولیاتی نگرانی، زرعی منصوبہ بندی اور شہری ترقی کی حکمتِ عملیوں میں انقلاب متوقع ہے۔اسپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان نے قوم کو اس سنگِ میل کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے خلائی سفر میں ایک عظیم پیش رفت ہے، جو حکومتِ پاکستان کی بھرپور حمایت سے ممکن ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ ایس-1 کی بدولت ملک میں فصلوں، مٹی کی صحت اور پانی کے معیار کی غیر معمولی درستگی کے ساتھ نگرانی ممکن ہوگی۔