لیجنڈری فٹبالر زیڈان فرانس کی قومی ٹیم کی کوچنگ کرنے کے خواہشمند
راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر) ۔خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق زین الدین زیڈان، جنہوں نے 1998 کے ورلڈ کپ فائنل میں برازیل کے خلاف فرانس کی فتح دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے 2 گول کیے تھے، اس سے قبل ریال میڈرڈ کی کوچنگ کے دوران ٹیم کو چیمپئنز لیگ کے 3 ٹائٹل جتوانےکا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔انہوں نے اطالوی اسپورٹس اخبار لا گزیٹا ڈیللو اسپورٹ کے زیرِ اہتمام ایک تقریب میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں کوچنگ میں واپس آؤں گا، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ یہ ابھی ہوگا، لیکن میری خواہش ہے کہ ایک دن قومی ٹیم کی کوچنگ کروں۔53 سالہ زیڈان کو ڈیڈیے ڈیشامپ کے ممکنہ جانشین کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، ورلڈ کپ 2018 جیتنے والے کوچ آئندہ برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے بعد سبکدوش ہو جائیں گے۔زین الدین زیڈان نے مزید کہا کہ سب سے اہم چیز فٹبال کے لیے جذبہ رکھنا اور اپنے کھلاڑیوں کو وہ کچھ منتقل کرنا ہے جو آپ کے اندر موجود ہے۔
