پاک فوج ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
شانگلہ (ڈیلی گرین گوادر) فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاک فوج ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے، بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اور فوری جواب دیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس کا 272 واں اجلاس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کا آغاز حالیہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے جذبے، عزم اور حوصلے کو سراہا، انہوں نے حالیہ سیلاب کے بعد سول انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امدادی اور بحالی کے اقدامات پر بھی افواج کے کردار کی تعریف کی۔اجلاس میں انسدادِ دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، ابھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دشمنوں کے تمام تر عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہیں، شرکا نے کہا کہ دہشت گردی، جرائم اور سیاسی سرپرستی کے باہمی گٹھ جوڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فورم نے بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، شرکا نے کہا کہ اس طرح کا اشتعال انگیز رویہ بھارت کی سیاسی مفادات کے لیے جنگی جنون کو ہوا دینے کی پرانی روش کی عکاسی ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
