شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے جو تاریخ رقم کی ہے وہ قابلِ ستائش ہے،آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر

خضدار(ڈیلی گرین گوادر)آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تاریخی تہذیب باہمی احترام اور روایات انصاف پسندی کی ضامن ہیں، غیرت، جرات اور مہمان نوازی اس خطے کو امن کا گہوارہ بناتی ہیں۔ بلوچستان میں امن کے لیے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے جو تاریخ رقم کی ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ صوبے میں پولیس کئی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر اور بیرونی قوتوں کے خلاف برسرِ پیکار ہے۔ جن قوتوں سے ہمارا مقابلہ ہے ان کی جڑیں مضبوط ضرور ہیں لیکن ہم انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ قانون کا نفاذ اور عمل داری ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام کا سب سے پہلا مطالبہ بھی امن ہی ہے، جبکہ ترقی یافتہ قوموں کی ترقی بھی امن سے وابستہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے خضدار میں منعقدہ تقریب کے دوران پولیس افسران اور نوجوان اہلکاروں سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کمشنر قلات ڈویڑن ڈاکٹر طفیل بلوچ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر محمد حسن، ڈی آئی جی قلات رینج عبدالحمید کھوسہ، ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر، ایس پی قلات شہزاد اکبر، ایس پی حب سید فاضل شاہ بخاری، ایس پی لسبیلہ عاطف امیر، ایس ایچ او عبداللہ پندرانی، ایس آئی مقبول احمد اور دیگر اہلکار موجود تھے۔آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان مختلف اقوام کا ایک گل دستہ ہے اور اس گل دستے کا نکھار قانون کی بالادستی میں ہے۔ مجرم اور عام عوام کے درمیان رویے میں فرق رکھنا لازمی ہے کیونکہ اس جدید دور میں عوام ہی اصل قوت ہیں۔ پولیس افسران کو عوامی خدمت کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ بلوچستان میں پولیس ڈیپارٹمنٹ کی استعداد اور صلاحیتوں کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہر علاقے میں وسائل فراہم کیے جارہے ہیں، ساتھ ہی ٹریننگ اور ٹیکنالوجی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔آئی جی بلوچستان نے خضدار میں منعقدہ دربار میں پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کی بھرپور یقین دہانی کرائی۔ اس سے قبل انہوں نے قلات رینج میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں کمشنر قلات ڈویڑن ڈاکٹر طفیل بلوچ، ڈی آئی جی قلات رینج عبدالحمید کھوسہ، رینج کے ایس ایس پیز اور سکیورٹی افسران نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے