کوئٹہ میں پی ایف یو جے کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے تحت پولیس گردی کے خلاف احتجاج

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس کے دھاوے اور صحافیوں پر تشدد کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیرِ اہتمام آج صوبے بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی صحافیوں نے یومِ سیاہ منایا اور پولیس گردی کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر آزادی صحافت اور اظہارِ رائے کے تحفظ سے متعلق مطالبات درج تھے۔مظاہرے سے خطاب میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کے تقدس کو پامال کرنا، صحافیوں پر تشدد اور انہیں ہراساں کرنا آئین و جمہوری اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس کی زبردست مذمت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافت کو دبانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے اور آزادی اظہارِ رائے کو یقینی بنانے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔صدر بی یوجے نے زور دیا کہ اس واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کرکے ضابطے کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ مظاہرین نے پرزور انداز میں کہا کہ صحافی اپنے آئینی حقوق سے کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے اور احتجاجی پروگرام کے بعد شرکا پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے