شیرانی میں سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن، 7 ہلاک،آئی ایس پی آر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف ایک شاندار انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک شدہ دہشتگرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس اور سینی ٹائزیشن آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ مزید خطرات کو روکنے کے اقدامات کیے جا سکیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کارروائی دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا عملی مظہر ہے اور پاک فوج اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔ علاقے کے شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے فورسز کی یہ کاروائیاں مستقل جاری رہیں گی۔سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے نہ صرف دہشتگردوں کے منصوبے ناکام بنائے بلکہ بلوچستان میں قیامِ امن کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کا بھی واضح پیغام دیا ہے۔