بلوچستان کی ہمہ گیر ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں، نوابزادہ امیر حمزہ زہری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے رکن صوبائی اسمبلی غلام دستگیر بادینی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں محکمہ بلدیات کے تحت نوشکی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور صوبائی حکومت صوبے کی ہمہ گیر ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان موجودہ مالی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے ترتیب دے رہی ہے تاکہ تمام حلقوں میں ترقیاتی عمل بغیر تعطل جاری رہ سکے ایم پی اے نوشکی غلام دستگیر بادینی نے اس موقع پر مشیر بلدیات کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ جاری منصوبے نوشکی کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ملاقات کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ محمد ایوب قریشی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری بھی موجود تھے۔