اوتھل میں کوچ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت8افراد جاں بحق 16زخمی
اوتھل (ڈیلی گرین گوادر)لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں زیرو پوائنٹ کے قریب مسافر کوچ اور ٹرک میں المناک تصادم جس کے نتیجے میں ماں بیٹی سمت 8 افراد جاں بحق،16 افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق بلوچستان کے ضلع پنجگور اور اندرون سندھ سے ہے،حادثے کے موقع پر دلسوز مناظر ہر طرف چیخ و پکار اور آہ و بکا کے مناظر،اور زخمی مدد کے لیئے پکارتے رہے، مسافروں کا سامان بکھر گیا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کی علی الصباح لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں زیروپوائنٹ کے قریب مسافر کوچ پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ پتھر سے لدے ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 8 مسافر جان کی بازی ہار گئے اور 16 مسافر ذخمی ہوگئے حادثے میں جاں بحق اورزخمیوں میں مرد،خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایدھی، ریسکیو 1122 اور لسبیلہ ویلفئیر ٹرست کے رضا کار بھی فوری طور پر حادثے کی جگہ پر پہنچ گئے اور نعشوں اور زخمیوں کو ایمبولینسز کے ذریعے DHQ ہسپتال اوتھل منتقل کیا۔جہاں پر جاں بحق کی شناخت عظیمہ بنت عابد سکنہ پنجگور، زیبا زوجہ عابد، مولابخش ولد گل محمد صابرہ عمر 15 سال کے نام سے ہوئی۔جب کہ 5 افراد کے نام معلوم نہ ہوسکے اور شدید زخمیوں کو کراچی ریفر کردیا گیا۔حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق پنجگور اور اندرون سندھ سے بتایا جارہا ہے۔نعشوں کو ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی بعد میں ٹریفک بحال کرادی گئی ہے۔عوامی حلقوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس خونی شاہراہ کے دو رویہ بنانے کے کام میں تیزی لائی جائے اکثر حادثات لسبیلہ کی حدود میں ہوتے ہیں۔ بیلہ تا حب بھی دو رویہ کام کا آغاز کیا جائے۔