کوئٹہ،ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب خودکش دھماکہ، 10 افراد جاں بحق، 33 زخمی ہوگئے سکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے بڑا سانحہ ٹل گیا،وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ کے مشرق میں واقع ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب خودکش دھماکے میں 10افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت تمام چھ دہشت گرد مارے گئے دھماکے کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے تفصیلات کے مطابق دھماکہ منگل کی صبح تقریبا ساڑھے گیارہ بجے کوئٹہ شہر کے وسطی علاقے ماڈل ٹاون میں خجک روڈ پر ہوا جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دور دور تک اس کی آواز سنی گئی جبکہ کئی سو فٹ دور عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے خودکش دھماکے کے نتیجے میں قریبی گھروں اور عمارتوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں پولیس کے مطابق حملے کا ہدف فرنٹیئر کور کا ہیڈ کوارٹر تھا جس کے دروازے سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ایف سی ہیڈکوارٹر کے دروازے اور دیوار کو شدید نقصان پہنچا۔قریب سے گزرنے والی گاڑیاں، ایک بس، رکشہ اور راہ گیر بھی دھماکے کی زد میں آگئے۔ پولیس کے مطابق لپیٹ میں آنے والی بس میں لوگ سوار تھے جس کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا۔ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔پولیس کے مطابق یہ فائرنگ ایف سی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان ہوئی جو ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خودکش حملے کے بعد چار دہشتگردوں نے ہیڈ کوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے چاروں کو سڑک پر ہی ہلاک کرکے یہ کوشش ناکام بنا دی۔دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سوزوکی گاڑی اچانک ایف سی ہیڈکوارٹر کے دروازے کی جانب مڑتی ہے اس کے بعد زوردار دھماکہ ہوتا ہے اور آگ کے شعلے، دھواں اور دھول مٹی اڑتی ہے۔ایک سکیورٹی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سوزوکی گاڑی بارود سے بھری ہوئی تھی۔ خودکش حملہ آور نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے دروازے سے گاڑی ٹکرائی جس کے بعد دوسری جانب جہاں مرکزی دروازے سے چار حملہ آوروں نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے انہیں موقع پر ہی ہلاک کر دیا اور یہ کوشش ناکام بنا دی۔۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق، یہ خودکش حملہ فتن الہندوستان کی کارروائی ہے، حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھا اور اس کے ساتھ پانچ دیگر دہشت گرد بھی موجود تھے۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت تمام چھ دہشت گرد مارے گئے۔ جبکہ فائرنگ اور دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے دو جوان زخمی ہوئے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ دھماکے میں 25 سے 30 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، اس کے علاوہ ہلاک حملہ آوروں سے 15 دستی بم اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔