نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ٗخرم شہزاد ڈپٹی ڈائریکٹرنیب
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں، نیب بلوچستان نے 29 ستمبر 2025 کو ایف جی بوائز ڈگری کالج کوئٹہ کینٹ میں "بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار اور نیب کے کام کا طریقہ کار” کے حوالے سے ایک آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا۔ لیکچر کا بنیادی مقصد نوجوانوں بالخصوص طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ نیب بلوچستان کے افسران کے ایک وفد نے ایڈوکیٹ افشاں بانو، سپیشل پراسیکیوٹر نیب اور خرم شہزاد ڈپٹی ڈائریکٹرنیب کی قیادت میں طلباء اور فیکلٹی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وڑن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ نیب افسران نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ افسران نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں، اور بدعنوانی کی کسی قسم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر گرداناگیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلباء بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کے درس کومزید فروغ دیا جا سکے۔ معاشرے کے اہم ارکان کے طور پر طلباء کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔اس موقع پرایف جی بوائز ڈگری کالج کوئٹہ کینٹ کے پرنسپل امتیاز علی نے نیب بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ بھی انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ لیکچر کا اختتام پر نیب کی جانب پرنسپل ایف جی ڈگری کالج کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی.