پشتونخواملی عوامی پارٹی کی کوئٹہ میں کانفرنسز، نئی کابینہ کا انتخاب مکمل
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، سید شراف آغا اور مجید خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سیاسی جمہوری کارکنوں کو اردگرد کے حالات کا ادراک کرنا ہوگا، جمہوریت اور آئین سے مسلسل انحراف کے باعث ملک بحرانوں میں پھنس چکا ہے، محمود خان اچکزئی کی تجویز پر عملدرآمد نہ کرنا اور تاخیری حربوں کا مقصد ملک کو تباہی وبربادی سے دوچار کرنے کے مترادف ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی آج بھی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے دیئے گئے نظریات، افکار، ویژن پر کاربند ہوکر اپنے قومی اہداف کے لیے جدوجہد کررہی ہے، سیاسی جمہوری کارکنوں اور عوام آئین کی بالادستی،جمہور کی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن، پارلیمنٹ کی خودمختاری، آئین کے دیئے گئے دائرہ کار میں ہر ادارے کو اپنے فرائض کا پابند بنانے کے لیے درج بالا نکات پر متفق ہیں۔ بہترین منظم تنظیم ہی کے ذریعے اپنے قومی،سیاسی، جمہوری اہداف کے حصول کی منزل طے کرسکتے ہیں۔ ملک قرضوں تلے ڈوبا ہے، غریب اور بالخصوص پشتون عوام کا معاشی قتل عام جاری ہے، ملک میں کئی بھی تجارت پر پابندی نہیں سوائے پشتون وطن کے سرحدی تجارتی راستوں پر جہاں نام نہاد قدغنیں لگائی گئی ہے جس کا مقصد پشتون نوجوانوں کو حلال روزی سے محروم کرکے دنیا بھر میں مسافرانہ اور اذیت کی زندگی گزارنے اور اپنے وطن میں جرائم پر مجبور کرنا ہے۔فارم47کی حکومت عوام کو امن وامان دینے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے، بیروزگاری کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ بدترین مہنگائی اور سخت ترین بیروزگاری نے سفید پوش افراد کوبھی مانگنے پر مجبور کردیا ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور بیڈ گورننس کے باعث ہر شعبہ زندگی میں عوامی خدمت پرمامور ادارے مفلوج اور کرپشن وکمیشن کا گڑھ بن چکے ہیں۔ کرپشن، کمیشن،پرسنٹ کی صورتحال اداروں کی تباہی اورعوام کو اذیت سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔ پارٹی کارکنان اپنے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں پارٹی پروگرام کو ہر گھر تک پہنچانے اور پارٹی کو فعال ومنظم بنانے میں اپناکردار ادا کرے۔ ملک اور بالخصوص اس صوبے میں پشتون بحیثیت سیال قوم اور برابری کی حیثیت سے زندگی گزارسکتے ہیں، نا سیالی،نابرابری،محکومی، پسماندگی،مسافرانہ اور اذیت ناک زندگی بسر کرنا مزید قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر، تحصیل سٹی میں منعقدہ کانفرنسز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تحصیل صدر پشتون باغ اول کلیوال شہید علاقائی یونٹ کانفرنس سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی سینئر نائب صدر ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، نعیم پیر علیزئی، راحت بازئی،نور بیدار، صداقت اچکزئی ودیگر مقررین نے خطاب کیا۔ کانفرنس کی صدارت تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے کی۔ اس موقع پر نئے کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ جس کے مطابق ناصر خان علاقائی سیکرٹری، شیر زمان خان سینئر معاون سیکرٹری، محمد دین خان اطلاعات سیکرٹری،تیمور شاہ مالیات سیکرٹری،عبدالمالک رابطہ سیکرٹری،سعد اللہ اور حبیب اللہ معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب ایگزیکٹیوز سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری منان خان بڑیچ نے حلف لیا۔ سٹی تحصیل صادق شہید کاسی علاقائی یونٹ کانفرنس کی صدارت تحصیل سیکرٹری نے کی۔ کانفرنس سے پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، ضلع پشین کے سیکرٹری عمر خان ترین،مرکزی کمیٹی کے رکن ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹیوز ولیم جان برکت، سینئر معاون سیکرٹری جمشید دوتانی،ضلع آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی، ضلع معاونین،،جبار ہمدرد،غلام اولس یار، امین بشر، ڈاکٹر فورم کے سینئر معاون سیکرٹری ڈاکٹر نور علی، صدر تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی، سٹی تحصیل سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان، علاقائی معاون سیکرٹری عنایت اللہ درانی نے خطاب کیا۔ منتخب ایگزیکٹیوز سے جمشید خان دوتانی نے حلف لیا۔ کانفرنس میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی کے اراکین، تحصیل ایگزیکٹیوز اور کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔