تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، ایف سی کے دو اہلکار شہید
تربت (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند کوہ پشت گیاب میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دو اہلکار شہید ہوگئے۔ واقعہ جمعہ کے روز اس وقت پیش آیا جب دونوں اہلکار موٹر سائیکل پر معمول کے گشت پر تھے۔یو این اے کے مطابق شہید ہونے والوں کی شناخت سپاہی جمیل احمد اور سپاہی عزیز اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ایف سی کی مقامی یونٹ سے وابستہ تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس اور ایف سی کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ شہید اہلکاروں کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کردی گئیں جہاں ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔پولیس حکام نے ابتدائی طور پر واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھا رہے ہیں۔
