بی بی مرواہ کا علاج حکومت بلوچستان کے ذمہ ہے ہم ہر ممکن معاونت کریں گے, میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے اپنی بیمار بچی کے علاج کے لیے فریاد کرنے والے والد کی اپیل پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متاثرہ خاندان کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ مدعو کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے والد اور بچی سے ملاقات کی، والد کو حوصلہ دیا اور نقد مالی امداد بھی فراہم کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کی مسکراہٹ ہی اصل خوشی ہے، بی بی مرواہ کا علاج حکومت بلوچستان کے ذمے ہے ہم ہر ممکن معاونت کریں گے تاکہ معصوم بچی صحت مند زندگی گزار سکے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، کسی معصوم بچے یا غریب خاندان کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گابچی کے والد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے اقدام پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے نہ صرف میری بچی کی زندگی بچانے کا عزم کیا ہے بلکہ میرے دل کو بھی سکون دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری آنکھوں سے شکر گزاری کے آنسو نکل آئے ہیں آپ نے پہلے بھی میری ایک بیٹی کے بیرون ملک علاج کے لیے مدد کی تھی اور آج ایک بار پھر ہماری امیدوں کو حقیقت میں بدل دیا ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مشکل میں گھِرے ہر والدین کی دعائیں میرے لیے سب سے بڑی کامیابی ہیں اور بی بی مرواہ کی صحت یابی ہم سب کی دعا ہے۔