مچھ ، کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3کان کن جاں بحق
مچھ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 3 کان کن دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق مزدور زیر زمین کام میں مصروف تھے کہ اچانک زہریلی گیس بھر گئی جس سے وہ موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔جاں بحق مزدوروں میں ایک کا تعلق کوئٹہ کے ہزارہ ٹان اور دو کا تعلق علمدار روڈ مری آباد سے ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔ چیف انسپکٹر مائنز اینڈ منرل عبدالغنی نے حادثے کی نوعیت اور ابتدائی وجوہات کا جائزہ لیا۔
