اسرائیل نے غزہ پر بمباری تیز کردی
غزہ (ڈیلی گرین گوادر) اسرائیل نے غزہ پر مہلک زمینی اور فضائی حملے مزید تیز کر دیے ہیں۔ قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق صہیونی فورسز کی زمینی کارروائی فضائیہ اور توپ خانے سے بہت بھاری فائرنگ کے ساتھ غزہ کے مختلف علاقوں میں جاری ہے اور یہ ایک ’بے مثال شدت‘ ظاہر کرتی ہے۔ اسرائیل روزانہ صرف 86 امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے رہا ہے، جو کہ غزہ کے حکومتی میڈیا آفس کے مطابق روزانہ درکار کم از کم 600 ٹرکوں کا صرف 14 فیصد ہے، جو آبادی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے درکار ہے۔ حماس کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی ’منصوبہ بند بھوک‘ اور غزہ میں نسل کشی ’انسانیت کے خلاف جرم‘ ہے، موجودہ صورت حال کا خاتمہ کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری فوری مداخلت کرے۔ اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے نتیجے میں اب تک کم از کم 60 ہزار 933 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 50 ہزار 27 زخمی ہو چکے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کے دوران تقریباً ایک ہزار 139 افراد اسرائیل میں ہلاک ہوئے تھے، اور 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
