مکران کوسٹل ہائی وے پر دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، ایک مسافر جاں بحق، 15زخمی
اورماڑہ (یو این اے )مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب سید آباد کراس کے مقام پر دو مسافر کوچز کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب النجیب کوچ کراچی سے گوادر کی طرف جا رہی تھی اور ڈاٹ موورز بس گوادر سے کراچی آ رہی تھی۔ سید آباد کراس کے مقام پر دونوں بسیں تیز رفتاری کے باعث آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ریسپانس سنٹر اورماڑہ اور رسملان کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔تمام زخمیوں کو بعد ازاں درمان جاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
