وفاقی حکومت کو بھی یکم محرم الحرام کو حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی نسبت سے عام تعطیل کا اعلان کرنا چاہیے،مولانا علامہ ثناء اللہ فاروقی
چاغی (ڈیلی گرین گوادر)سنی علماء کونسل چاغی کے زیر اہتمام یکم محرم الحرام کے موقع پر حضرت سیدنا عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی و مطالباتی جلوس نکالا گیا۔یہ عظیم الشان جلوس بڑیچ چوک سے شروع ہوا، جس کی قیادت سنی علماء کونسل بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری حضرت مولانا علامہ ثناء اللہ فاروقی نے کی۔ جلوس میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد، بالخصوص عمری کاروان کے اراکین، حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ناموس کے لیے اپنے قیمتی وقت میں سے وقت نکال کر شریک ہوئے۔ شرکاء جلوس چاغی کی مختلف شاہراہوں، گلیوں اور بازاروں سے گزرتے ہوئے "عمر عمر” کے نعروں سے فضا کو گونجاتے رہے اور حکومت سے مطالبہ کرتے رہے کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یومِ شہادت کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے، جیسا کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومتیں اس دن کو عام تعطیل کے طور پر مناتی ہیں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ثناء اللہ فاروقی، مولانا حافظ محمد ایوب انصاری، حضرت مولانا محب اللہ صدیقی اور دیگر علماء کرام نے کہا کہ ہم پرامن انداز میں اپنے مطالبات حکومت کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ اگر حکومت مختلف مواقع پر اسکول ڈے، اقبال ڈے، قائد ڈے، مزدور ڈے کے نام پر تعطیلات کا اعلان کر سکتی ہے تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین جیسے جلیل القدر ہستیوں کے ایام پر عام تعطیل کا اعلان کیوں نہیں کیا جا سکتا؟علمائکرام کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی حکومتوں نے عام تعطیل دے کر یہ پیغام دیا کہ ہم صحابہ کرام کے غلام ہیں، ان کے ایام کو سرکاری سطح پر منانا ہماری ذمہ داری ہے۔ اسی طرح وفاقی حکومت کو بھی یکم محرم الحرام کو حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی نسبت سے عام تعطیل کا اعلان کرنا چاہیے۔علامہ ثناء اللہ فاروقی نے اپنے خطاب میں عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کی ایران کے ساتھ کشیدگی کے دو اہم مقاصد تھے فلسطینی مظلوموں سے دنیا کی توجہ ہٹانا، ایران کو ہیرو بنا کر عرب ممالک کو خوفزدہ کرنا تاکہ اسرائیل کو عرب ممالک سے تسلیم کرایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت واضح کرے گا کہ اس ڈرامائی جنگ میں امریکہ، اسرائیل اور ایران اپنے مقاصد میں کس حد تک کامیاب ہوئے۔آخر میں علامہ فاروقی نے چاغی انتظامیہ، صحافی برادری، عمری کاروان، تاجر برادری اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جلوس میں شرکت کر کے اس مطالباتی تحریک کو تقویت بخشی۔