بیروزگاری ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکی ہے، میرصادق عمرانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمتوں کی تعداد محدود جبکہ امیدواروں کی تعداد کہیں زیادہ ہے صرف محکمہ آبپاشی میں بیلداروں کی 15 خالی آسامیوں کے لیے چار ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو موجودہ حالات میں روزگار کی شدید طلب کا عکاس ہے مختلف وفود اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میر صادق عمرانی نے کہا کہ موجودہ وقت بیروزگاری ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکی ہے ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر مثبت اور پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاہم یہ امر بھی باعث افسوس ہے کہ جب کسی کو سرکاری ملازمت مل جاتی ہے تو اکثر افراد ذمہ داری سے کام کرنے کی بجائے محض تنخواہ کے حصول کو ہی کافی سمجھتے ہیں بعض لوگ چاہتے ہیں کہ انہیں تنخواہ بھی ملے اور کام بھی نہ کرنا پڑے جو کہ ایک افسوسناک سوچ ہے وزیر آبپاشی نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت صرف پٹ فیڈر کینال میں تقریباً 700 بیلدار تعینات ہیں اگر ان میں سے ہر ایک بیلدار صرف دو درخت لگا کر ان کی دیکھ بھال کرتا تو آج نہر کے کنارے کم از کم 1400 درخت سایہ دار بن چکے ہوتیانہوں نے کہا کہ حکومت جہاں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے وہیں یہ بھی ضروری ہے کہ سرکاری ملازمین اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور محنت سے نبھائیں تاکہ اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے اور عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچے۔