جلد دنیا دیکھے گی کہ کئی اہم چیزیں رونما ہونگی: فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) سرکاری دورے پر امریکا میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی۔ آرمی چیف کی آمد پر اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے پرتپاک استقبال کیا اور ملک کی مسلح افواج کے شاندار کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا، خصوصاً حالیہ آپریشن بنیان مرصوص/معرکۂ حق میں فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو سراہا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی تارکینِ وطن کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں، جو ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعے نہ صرف ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کا عالمی تشخص بھی بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ رابطے اور شراکت داری کا عمل جاری رہنا چاہیے تاکہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی ترقی کے لیے راستے ہموار کیے جا سکیں۔ ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے تجربات، تجاویز اور مسائل سے آگاہ کیا، جنہیں آرمی چیف نے غور سے سنا اور ان کے مثبت کردار کو سراہا۔یہ ملاقات عزم، وحدت اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جہاں آرمی چیف اور پاکستانی کمیونٹی نے ایک محفوظ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے