نوشکی میں فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگیا، شاہد رند
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق منگل کو نوشکی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار وحید احمد ولد محمد ہاشم شہید ہوگیاپولیس نے نعش قبضے میں لیکرہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ترجمان نے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے،فریضے کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے کہاکہ یہ حملہ قومی مہم کو سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہے،تخریب کاروں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ حکومت پولیو ٹیموں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کو مزید موثر بنائے گی۔