ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کا تفصیلی دورہ، تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور اسسٹنٹ کمشنر (صدر) کے ہمراہ گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اسکول کے مختلف سیکشنز کا جائزہ لیا، جن میں کلاس رومز، لائبریری، سائنس لیبارٹریز، کمپیوٹر سیکشن، اسپورٹس گراؤنڈ اور دیگر شعبے شامل تھے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے ڈپٹی کمشنر کو اسکول کے انفراسٹرکچر، تدریسی عمل، طلباء کی حاضری اور دیگر انتظامی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز میں طلباء سے بات چیت کی، ان کے مسائل سنے اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلباء کی حاضری اور تدریسی سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر اسکول انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے ڈپٹی کمشنر کو اساتذہ اور اسٹاف کی بائیومیٹرک حاضری اور دیگر اہم امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت جیسے مقدس محکموں میں ایمانداری، محنت اور لگن سے کام کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کی غیر حاضری کسی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔آخر میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے سنڈیمن ہائی اسکول کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔