نوجوان خود کو ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں،آرمی چیف جنرل عاصم منیر
روالپنڈی(ڈیلی گرین گوادر)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کو پاکستان کا اصل سرمایہ اور مستقبل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ہنر سیکھ کر خود کو ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یونیورسٹیز اور کالجز کے نوجوان طلبا کے اجتماع سے خطاب کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نوجوانوں سے ملاقات اور خطاب کے دوران آرمی چیف نے طلبا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے تعلیمی کیریئر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور ایسے ہنر سھکیں جو انہیں ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان پر خطرات اور ان کے اثرات بالخصوص سرحد پار دہشتگردی کے خطرے کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور جدت طرازی کی صلاحیت کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں۔
آرمی چیف نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار پر روشنی ڈالی اور دہشتگردی کی لعنت کے خلاف قومی جدوجہد میں پاکستانی عوام ، فوج اور امن و امان قائم کرنےوالے اداروں کی قربانیوں کو اور کاؤشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستانیت کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں کی فکری نشوونما کے لیے پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور اقدار کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔