قومی اسمبلی میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)قومی اسمبلی نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کے ردو بدل کا اختیار فنانس کمیٹیوں کو دینے کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ ٹیکس کٹوتیوں کے بعد اب اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ 2 لاکھ 18 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کر دی گئی۔

بل رومینہ خورشید عالم نے پیش کیا، جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ اس موقع پر اپوزیشن اراکین نے بل کی مخالفت کی اور نعرے بازی شروع کر دی، جس پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ جو بڑھائی گئی تنخواہ نہیں لینا چاہتا، وہ تحریری طور پر آگاہ کر دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن ایک طرف پارلیمنٹ کو جعلی قرار دیتی ہے اور دوسری طرف خود سنجیدہ رویہ اختیار نہیں کرتی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی پہلے ہی اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور مراعات کو وفاقی سیکریٹری کے برابر کرنے کی منظوری دے چکی تھی۔ اس اجلاس کی صدارت بھی اسپیکر سردار ایاز صادق نے کی تھی، جس کے تحت قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین کی ماہانہ تنخواہ و مراعات ٹیکس کی کٹوتی کے بعد 5 لاکھ 19 ہزار مقرر کر دی گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کمیٹی میں تحریک انصاف کے 67 اراکین پارلیمنٹ نے بھی تحریری طور پر تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے بیشتر اراکین پارلیمنٹ نے ایم این اے اور سینیٹرز کی تنخواہ 10 لاکھ روپے ماہانہ کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم اسپیکر ایاز صادق نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے