ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس مالکان کا کمرہ دینے سے انکار،امریکی خاتون فلاحی ادارے کےحوالے
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) پاکستانی لڑکے کی محبت میں پاکستان آنے والی امریکی خاتون کے معاملے میں نیا موڑ آگیا۔پولیس کے مطابق ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس مالکان کی جانب سے خاتون کو کمرہ دینے سے انکار کے بعد امریکی خاتون کو فلاحی ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔اس سے قبل امریکی خاتون گارڈن میں واقع اپارٹمنٹ سے روانہ ہوگئی تھیں، پولیس کے مطابق خاتون کا کہنا تھا کہ رات سے بیٹھی ہوئی ہوں، اب آرام کرنا چاہتی ہوں۔پولیس کا بتانا تھا کہ امریکی خاتون گارڈن میں واقع اپارٹمنٹ سے گیسٹ ہاؤس روانہ ہوگئی ہیں۔
اونیجا اینڈریو رابنس نامی خاتون کو کراچی کے علاقے گارڈن کے رہائشی 19 سالہ ندال احمد میمن سے سوشل میڈیا کے ذریعے محبت ہوئی تھی جس کے بعد 2 بچوں کی ماں 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی، پاکستانی نوجوان نے امریکی خاتون سے شادی کے لیے راضی تھا تاہم گھر والوں نے شادی سے انکار کردیا۔
خاتون کئی ماہ کراچی میں دربدر رہی، وزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد اے ایس ایف نے امریکی خاتون کو ائیر پورٹ پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ایک این جی او نے خاتون کی امریکا واپسی کے لیے ٹکٹ بھی دیا اور مالی مدد بھی کی تھی تاہم اس نے واپسی سے انکار کردیا اور نوجوان کے گھر پہنچ کر بلڈنگ میں ڈیرے ڈال لیے۔امریکی خاتون نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسے پاکستانی شہریت اور ہر ہفتے 3 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں۔