کابینہ نے پائلٹس سے متعلق سابق وزیر کے بیان پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے پائلٹس کے بارے میں سابق وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان کے پس پردہ مقاصد کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سابق وزیر کی جانب سے غیرذمہ دارانہ بیان کے نتیجے میں قومی ایئرلائن اور خزانے کو ہونے والے نقصانات کا تعین بھی کرے گی۔

مزید رپورٹ کیا کہ کابینہ نے وفاقی حکومت کے زیر انتظام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے صوبائی کوٹے میں 25 فیصد تک کمی کی منظوری دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سفارش پر مڈل ایسٹ گرین انیشیئیٹو کے چارٹر کی توثیق کی-اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان مذکورہ چارٹر کے بانی اراکین میں سے ہے، اس اقدام کے تحت 20 کروڑ ہیکٹرز زمینی رقبے کی بحالی کی جائے گی اور 50 ارب درخت اگائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 30 نومبر 2024 میں یورپین یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پی آئی اے کے یورپ میں فلائٹ آپریشن سے پابندی اٹھالی تھی۔10 جنوری 2025 کو قومی ایئرلائن کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال ہوگیا تھا، اسلام آباد سے پرواز نمبر پی کے 749 میں سوار 323 مسافر پیرس پہنچ گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے