سندھ میں 5 لاکھ گھروں کو شمسی توانائی نظام فراہم کر رہے ہیں،شیری رحمان
اسلام آباد: سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سندھ میں 5 لاکھ گھروں کو شمسی توانائی نظام فراہم کر رہے ہیں۔سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست توانائی کے حصول کا وقت آ گیا ہے۔ اور شمسی توانائی سے انرجی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ شمسی توانائی سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 2030 تک 60 فیصد قابل تجدید توانائی کا ہدف رکھتا ہے۔ اور شمسی توانائی کے فروغ میں حکومت کا کردار انتہائی اہم ہے۔ شمسی توانائی کے ذریعے معیشت میں ترقی کے واضح امکانات ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی کی مارکیٹ میں انقلاب آ رہا ہے۔ اور مقامی سطح پر شمسی توانائی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ سندھ میں 5 لاکھ گھروں کو شمسی توانائی نظام فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی نظام کی ہر کٹ میں سولر پینل، 3 بلب، پنکھا اور بیٹری شامل ہوں گے۔شیری رحمان نے کہا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحق خاندانوں کو سولر کٹس ملیں گی۔ اور ورلڈ بینک کے تعاون سے سندھ میں 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔