کوئٹہ،ٹک ٹاک بنانے پر ناراض باپ نے بیٹی کو قتل کردیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ میں واقع بلوچی اسٹریٹ میں 17 سالہ امریکہ پلٹ لڑکی حرا انوار کو ٹک ٹاک بنانے پر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، مقتولہ کے والد، چچا اور ماموں کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا گیا ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تھانہ گوالمنڈی کے علاقے بلوچی اسٹریٹ میں حرا انوار کو گھر کے مرکزی دروازے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے فوراً موقع پر پہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتولہ امریکی شہریت کی حامل تھی اور چند روز قبل اپنے والدین کے ہمراہ امریکہ سے پاکستان آئی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق، لڑکی کو ٹک ٹاک بنانے سے منع کرنے کے باوجود وہ اس پر قائم رہی، جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر اس کے اہل خانہ نے خود فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ایس ایچ او گوالمنڈی بابر بلوچ کے مطابق ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔
ایس ایچ او گوالمنڈی بابر بلوچ نے بتایا کہ انوار الحق اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ امریکہ شفٹ ہو گیا تھا اور چند روز قبل کوئٹہ آیا تھا، باپ نے اپنے سالے طیب علی کے ساتھ مل کر بیٹی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، ملزم اپنی بیٹی حرا کو گھر کے باہر لے گیا اور خود گھر کے اندر آگیا، باہر لڑکی کے ماموں نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔
بعدازاں، پولیس نے لڑکی کے والد انوار الحق، ماموں اور چچا کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا۔ایس ایچ او گوالمنڈی بابر بلوچ کے مطابق، تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔پولیس نے اس کیس کو سیریس کرائم انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔