لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر انتقال کرگئے
لاہور (ڈیلی گرین گوادر)لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ سابق سپریم کورٹ جج جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمدکھوکھر انتقال کرگئے۔جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کی عمر 80 برس تھی اور وہ ایک عرصہ سے علیل تھے۔جسٹس ریٹائرڈ فقیرمحمدکھوکھر کا جنازہ آج لاہور میں ادا کیا جائے گا۔ان کی نماز جنازہ نمازعصر کے بعد شام 4 بج کر 15 منٹ پر ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر کو ایک ہفتہ قبل ہی لاپتہ افرادکمیشن کا سربراہ بنایا گیا تھا۔ ان کی عمر 80 برس تھی۔ جب انھیں لاپتہ افراد کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا، وہ لاہور کے سروسز اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اور ان کی صحت کی بابت تشویش ناک خبریں آ رہی تھیں۔ یاد رہے کہ جبری گمشدگیوں کے معاملے کی تحقیقات کے لیے پاکستان میں پہلا کمیشن 2010 میں بنا تھا جس کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ کمال منصور عالم تھے۔ پھر ان کے بعد 2011 میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو کمیشن کا سربراہ تعینات کیا گیا تھا۔