پی ٹی آئی کی ہومیو پیتھک قیادت سائیڈ پر کردی جائے گی،عمران خان اسی سال رہا ہوں گے،جنید اکبر
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) و صدر پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا جنید اکبر نے کہا ہے کہ ہم پارٹی کی تنظیم نو کرنے جارہے ہیں، ہومیو پیتھک قیادت کو سائیڈ پر کیا جائےگا، عمران خان 2025 میں ہی رہا ہو جائیں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 8 فروری کے احتجاج کے حوالے سے ایم این ایز سے مشاورت کی جائےگی، ہمارے پاس مختلف آپشنز ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوں لیکن ایسا نظر نہیں آرہا، ہمارے پاس یہ آپشن بھی ہے کہ خیبرپختونخوا کی تمام شاہراہیں بند کردیں۔
جنید اکبر نے کہاکہ علی امین گنڈاپور نے پارٹی میں سب سے زیادہ محنت کی، حکومت پی ٹی آئی کی خواتین اور کارکنوں کو نہیں توڑ سکی، سب پر مقدمات درج ہیں لیکن وہ ڈٹے ہوئے ہیں۔ اداروں اور عوام کے درمیان خلیج بہت خطرناک ہے، اس بات کو انہیں بھی سمجھنا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں بہت غلطیاں کیں جو آج ہم بھگت رہے ہیں، سعد رفیق اس وقت بھی ہمیں آکر کہتے تھے کہ ایسے نہ کریں بھگتنا پڑےگا۔
چیئرمین پی اے سی نے کہاکہ ہماری حکومت میں اداروں کی مداخلت بہت زیادہ تھی، جو لوگ اس وقت ہمیں چھوڑ کر گئے ساری غلطی انہی کی نہیں تھی، اس میں کچھ لوگ صرف ہمارے رویوں کے باعث الگ ہوئے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے کہ حکومت پی ٹی آئی میں فاوروڈ بلاک بنانے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ جب میں جیل میں تھا تو سونے نہیں دیا جاتا تھا، اور ہر تھوڑی دیگر بعد آکر تصویریں بنائی جاتی تھیں۔