سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، 30 خوارج ہلاک
روالپنڈی(آئی ایس پی آر)سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 3 کارروائیوں میں 30 خوارج کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 24 اور 25 جنوری کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ضلع لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور 18 خوارج کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
دوسری انٹیلی جنس کارروائی ضلع کرک میں کی گئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ تیسری جھڑپ خیبر ضلع کے عمومی علاقے باغ میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔باغ میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں خارجی رہنما عزیز الرحمن عرف قاری اسماعیل اور خارجی مخلص بھی شامل تھے، جبکہ 2 خوارج زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔اعلامیہ کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔